ادارہ ہذا کا تعارف و پس منظر
گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول کامبٹ دیر لوئر وادی جندول کے شمال مغرب میں واقع ہے۔ علاقے کے لیے ادارے کی خدمات کی تاریخ کئی عشروں پر محیط ہے۔اس ادارے نے علاقے کو کثیر تعداد میں تعلیم یافتہ افراد فراہم کیے ہیں جس میں تعلیمی دانشور، طبی ماہرین اور سیاسی نمائندے شامل ہیں۔ یہ افراد اپنے اپنے شعبہ جات میں معاشرے کے لیے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔یہ سکول ہائی اور انٹر کے الگ الگ حصوں پر مشتمل ہے۔ اس سکول کی ابتداء بطور گورنمنٹ پرائمری سکول 1962ء میں ہوئی۔پھر 1978ء میں غیر ترقی یافتہ بنیاد پر مڈل سکول کے طور پراپ گریڈ ہوا۔ کچھ عرصہ بعد 1985ء میں ترقی یافتہ بنیاد پر اسے ہائی سکول کادرجہ دیا گیا۔ آخرکار یکم مارچ 2017ء بروز بدھ ، اسے ترقی یافتہ بنیاد پر ہائر سیکنڈری سکول کا درجہ دیا گیا۔
ادارے کا رقبہ
صوبے کے دیگرہائر سیکنڈری سکول عموما ایک ہی عمارت میں واقع ہیں لیکن یہاں زمین کی قلت اور تعمیراتی رقبہ کی کمی کے باعث ہائر سیکشن کو دو کلومیٹر کے فاصلےپرتعمیرکیاگیا ہے جس کا رقبہ چار کنال ہے جبکہ ہائی سکول کا رقبہ 8996 مربع میٹر ہے۔ یہ ایک خوبصورت ،دلکش اور علمی ادارہ ہے۔ ادارہ کی دونوں عمارتیں آرام دہ ، پر سکون اور تعلیم دوست ماحول کی عکاسی کرتی ہیں جہاں تشنگان ِعلم سیراب ہوتے ہیں اور اپنے آپ کو ملک و ملت کی تعمیر و ترقی میں حصہ ڈالنے کے لیے تیار کرتے ہیں۔